ایئر پنجاب کے بین الاقوامی روٹس اور کرایوں کی تفصیلات منظرعام پر

🕒 بدھ 22 اکتوبر 2025

ایئر پنجاب کے بین الاقوامی روٹس اور کرایے

لاہور (22 اکتوبر 2025): ایئر پنجاب کے قیام کے لیے قائم ورکنگ کمیٹی نے ابتدائی رپورٹ صوبائی حکومت کو پیش کر دی ہے، جس میں ایئر لائن کے مالی ڈھانچے، عملیاتی منصوبے اور متوقع آغاز کی تاریخ سے متعلق تفصیلات شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق منصوبے کی ابتدائی لاگت 12 سے 15 ارب روپے کے درمیان ہوگی اور ایئر لائن کے لیے پانچ جدید ایئربس A320 طیاروں کو لیز پر حاصل کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ہر طیارے کی ماہانہ لیز لاگت تقریباً 3 لاکھ 75 ہزار امریکی ڈالر بتائی گئی ہے، جس کے تحت سالانہ اخراجات کا تخمینہ 6.3 ارب روپے لگایا گیا ہے۔ ایوی ایشن سیکٹر سے تجربہ کار پائلٹس کو متوجہ کرنے کے لیے ان کی ماہانہ تنخواہ 15 سے 25 لاکھ روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔

ابتدائی مرحلے میں ایئر پنجاب لاہور سے دبئی، جدہ، اور کراچی کے لیے براہ راست پروازیں چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ متوقع کرایوں کے مطابق اندرونِ ملک سفر کے لیے 15 ہزار روپے، دبئی کے لیے 40 ہزار روپے، اور جدہ کے لیے 50 ہزار روپے مقرر کیے گئے ہیں۔

ورکنگ کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ ایئر پنجاب کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (PPP) ماڈل کے تحت چلایا جائے تاکہ مالی استحکام برقرار رہے اور انتظامی امور میں شفافیت ممکن ہو۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ اس منصوبے سے ہزاروں روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے جبکہ صوبے میں نجی سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا۔

کمیٹی کے مطابق ایئر پنجاب کا باضابطہ آغاز اگلے سال ستمبر میں متوقع ہے جو صوبے کی فضائی رابطہ کاری میں ایک نیا سنگ میل ثابت ہوگا۔

Scroll to Top