سونے کی قیمت میں نمایاں کمی، فی تولہ 4 لاکھ 40 ہزار سے نیچے آگیا

کراچی (22 اکتوبر 2025): پاکستان میں سونے کی قیمت میں ایک مرتبہ پھر بڑی کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد فی تولہ سونا 4 لاکھ 40 ہزار روپے کی حد سے نیچے آ گیا ہے۔
آل پاکستان جمز اینڈ جیولرز سرآفا ایسوسی ایشن کے مطابق، مقامی مارکیٹ میں فی تولہ سونا 7 ہزار 538 روپے کی کمی سے 4 لاکھ 37 ہزار 362 روپے پر آ گیا ہے۔ اسی طرح 10 گرام سونا 6 ہزار 463 روپے کمی کے بعد 3 لاکھ 74 ہزار 967 روپے کا ہو گیا۔
بین الاقوامی مارکیٹ میں بھی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی۔ عالمی سطح پر فی اونس سونا 85 ڈالر سستا ہو کر 4 ہزار 150 ڈالر پر پہنچ گیا۔ گزشتہ روز فی تولہ سونا 4 لاکھ 44 ہزار 900 روپے پر مستحکم تھا۔
چاندی کی قیمت میں بھی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ فی تولہ چاندی 151 روپے کمی کے ساتھ 5 ہزار 110 روپے پر آ گئی، جب کہ 10 گرام چاندی 129 روپے کمی سے 4 ہزار 380 روپے کی سطح پر آگئی۔
ماہرین کے مطابق سونے کی قیمت میں کمی کی بنیادی وجوہات میں عالمی مالیاتی منڈیوں میں ڈالر کی قدر میں اتار چڑھاؤ، خام تیل کے نرخوں میں کمی، اور سرمایہ کاروں کی جانب سے محفوظ سرمایہ کاری کے رجحان میں کمی شامل ہیں۔
پاکستان میں سونا روایتی طور پر ایک محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے۔ سیاسی یا معاشی غیر یقینی صورتحال میں لوگ سونا خریدنا ترجیح دیتے ہیں، تاہم حالیہ دنوں میں روپے کے استحکام اور عالمی مارکیٹ میں تبدیلیوں کے باعث قیمتوں میں مسلسل کمی دیکھنے میں آ رہی ہے۔
گزشتہ برس پاکستان میں سونے کی قیمت کے تعین کا طریقہ کار تبدیل کیا گیا تھا، جس کے تحت مقامی نرخ انٹرنیشنل مارکیٹ ریٹ سے 20 ڈالر فی اونس زیادہ مقرر کیے جاتے ہیں۔
اگر عالمی سطح پر کمی کا رجحان برقرار رہا تو ماہرین کے مطابق آئندہ ہفتوں میں سونے کی قیمت میں مزید کمی متوقع ہے، جس سے زیورات کی صنعت اور عام خریداروں دونوں کو ریلیف مل سکتا ہے۔
