14 اگست تقریر اردو میں: یومِ آزادی کی 3 بہترین تقریریں

🕐 بدھ 29 جولائی 2026

کیا آپ کو اسکول، کالج یا کسی تقریب کے لیے 14 اگست کی تقریر چاہیے؟ آپ بالکل صحیح جگہ پہنچے ہیں۔ اس صفحے پر آپ کو یومِ آزادی کی تین مکمل تقریریں ملیں گی: ایک منٹ کی مختصر تقریر اسمبلی کے لیے، تین منٹ کی تقریر طلبہ کے لیے شاعری کے ساتھ، اور پانچ منٹ کی تفصیلی تقریر تقریری مقابلوں کے لیے۔ ہر تقریر کے ساتھ کاپی کا بٹن موجود ہے۔ ایک کلک میں پوری تقریر کاپی کریں اور جہاں چاہیں استعمال کریں، بالکل مفت۔

مختصر تقریر برائے اسمبلی (1 منٹ)

آج کے دن آزاد ہوئے ہم، آج کے دن سب دور ہوئے غم
لہرایا آزاد فضا میں، چاند ستارے والا پرچم

جنابِ صدر، محترم اساتذہ کرام اور میرے پیارے ساتھیو! السلام علیکم!

آج چودہ اگست ہے، ہماری تاریخ کا سب سے روشن دن۔ آج ہی کے دن انیس سو سینتالیس میں دنیا کے نقشے پر ایک نیا ملک ابھرا اور ہم ایک آزاد قوم بنے۔

جنابِ صدر! یہ آزادی ہمیں تحفے میں نہیں ملی۔ اس کے پیچھے لاکھوں شہیدوں کا لہو ہے۔ کتنے قافلے راستوں میں لُٹ گئے، کتنی مائیں اپنے بچوں سے بچھڑ گئیں، کتنے گھر اجڑ گئے، تب کہیں جا کر یہ پرچم ہمارے ہاتھ آیا۔

علامہ اقبال نے خواب دیکھا اور قائد اعظم نے اسے حقیقت بنا دیا۔ اُس وقت ہر زبان پر ایک ہی نعرہ تھا:

لے کے رہیں گے پاکستان، بن کے رہے گا پاکستان!

ساتھیو! اب ہماری باری ہے۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ محنت سے پڑھیں گے، سچ بولیں گے، اور اس جھنڈے کو کبھی جھکنے نہیں دیں گے۔

پاکستان زندہ باد!

طلبہ کے لیے تقریر شاعری کے ساتھ (3 منٹ)

یہ وطن ہمارا ہے، ہم ہیں پاسباں اس کے
یہ چمن ہمارا ہے، ہم ہیں نغمہ خواں اس کے

جنابِ صدر، قابلِ احترام اساتذہ کرام اور میرے پیارے ساتھیو! السلام علیکم!

آج میں اس دن کی بات کرنے آیا ہوں جو ہماری زندگیوں کا سب سے اہم دن ہے۔ چودہ اگست انیس سو سینتالیس، جب دنیا کے نقشے پر ایک نیا ملک ابھرا اور ہم ایک آزاد قوم بن کر دنیا کے سامنے کھڑے ہوئے۔

جنابِ صدر! یہ وطن ہمیں وراثت میں نہیں ملا۔ اس کی بنیادوں میں ہمارے بزرگوں کا خون شامل ہے۔ کتنے قافلے لُٹ گئے، کتنی مائیں اپنے بچوں سے بچھڑ گئیں، کتنے بچے یتیم ہو گئے، صرف اس لیے کہ آنے والی نسلیں یعنی ہم آزاد فضا میں سانس لے سکیں۔

اس منزل تک پہنچانے والے قافلے کے سالار قائد اعظم محمد علی جناح تھے، اور خواب دیکھنے والی آنکھ علامہ اقبال کی تھی۔ اقبال نے ہمیں شاہین بننے کا سبق دیا:

نہیں تیرا نشیمن قصرِ سلطانی کے گنبد پر
تو شاہیں ہے بسیرا کر پہاڑوں کی چٹانوں میں
(علامہ اقبال)

جنابِ صدر! اُس وقت ہر مسلمان کی زبان پر ایک ہی نعرہ تھا:

لے کے رہیں گے پاکستان، بن کے رہے گا پاکستان
اور پاکستان کا مطلب کیا؟ لا الہ الا اللہ!

ساتھیو! آج سوال یہ ہے کہ کیا ہم نے اس آزادی کا حق ادا کیا؟ جھنڈیاں لگانا اور نعرے لگانا کافی نہیں۔ ہم طالب علم ہیں اور ہمارا میدان ہماری کتاب ہے۔ ہم محنت کریں گے، سچ بولیں گے، اور اپنے عمل سے ثابت کریں گے کہ ہم شہیدوں کے وارث ہیں۔

آئیے آج عہد کریں کہ ہم اپنے پیارے پاکستان کو علم اور محنت سے دنیا کا عظیم ترین ملک بنائیں گے، ان شاء اللہ!

پاکستان شاد رہے، دائم آباد رہے!

پاکستان زندہ باد! پاکستان پائندہ باد!

تفصیلی تقریر برائے تقریری مقابلہ (5 منٹ)

نثار میں تری گلیوں کے اے وطن کہ جہاں
چلی ہے رسم کہ کوئی نہ سر اٹھا کے چلے
(فیض احمد فیض)

جنابِ صدر، معزز مہمانانِ گرامی، محترم اساتذہ کرام اور عزیز ہم وطنو! السلام علیکم!

آج چودہ اگست ہے۔ آج کے دن ہم صرف جشن نہیں مناتے بلکہ اپنے شہیدوں سے کیا ہوا وعدہ دہراتے ہیں۔

جنابِ صدر! ہمارا وطن عزیز پاکستان دنیا کے اُن ملکوں جیسا نہیں جو اپنے باسیوں کو وراثت میں ملتے ہیں۔ اس وطن کی بنیادوں میں برصغیر کے مسلمانوں کی ہڈیاں اینٹوں کی جگہ اور ان کا لہو پانی کی جگہ استعمال ہوا ہے۔ اس کی قدر وہی جان سکتا ہے جس نے اس کی خاطر اپنا تن، من، دھن، سب کچھ قربان کیا۔

ذرا تاریخ کے اوراق پلٹیے! جب برصغیر کے مسلمانوں کا دین، تہذیب اور زبان سب خطرے میں تھا، تو سرسید احمد خان نے قوم کو علم کا راستہ دکھایا۔ علامہ اقبال نے الگ وطن کا خواب دیکھا اور اپنی شاعری سے سوئی ہوئی قوم کو جھنجھوڑ کر جگا دیا۔ اور پھر قائد اعظم محمد علی جناح میدان میں اترے۔ کمزور جسم مگر فولادی ارادہ۔ انگریز کی مکاری اور ہندو کی ہٹ دھرمی، دونوں ان کے سامنے تھیں، مگر قائد نے صرف تین ہتھیاروں سے یہ جنگ جیتی: ایمان، اتحاد اور تنظیم۔

اور پھر رمضان المبارک کی ستائیسویں شب، چودہ اگست انیس سو سینتالیس کو مملکتِ خداداد پاکستان معرضِ وجود میں آئی۔

جنابِ صدر! لیکن یہ منزل آسان نہ تھی۔ تقسیم کے وقت لاکھوں مسلمانوں نے ہجرت کی۔ خون میں نہائی ہوئی ٹرینیں پہنچیں۔ ماؤں کے سامنے ان کے لختِ جگر قتل کر دیے گئے۔ کتنے خاندان اپنے گھروں سمیت نذرِ آتش ہوئے۔ یہ سب قربانیاں اس لیے تھیں کہ ہم آج کے پاکستانی سر اٹھا کر جی سکیں۔

اقبال نے سچ کہا تھا:

ذرا نم ہو تو یہ مٹی بڑی زرخیز ہے ساقی
(علامہ اقبال)

عزیز دوستو! قدرت نے پاکستان کو ہر نعمت سے نوازا ہے۔ اس کی وادیاں جنت کا نظارہ پیش کرتی ہیں، اس کے کھیت سونا اگلتے ہیں، اس کے پہاڑ دنیا کے بلند ترین پہاڑوں میں شمار ہوتے ہیں۔ مگر یاد رکھیے کہ ملک صرف زمین کا نام نہیں ہوتا۔ ملک بنتے ہیں قوموں سے، اور قومیں بنتی ہیں کردار سے۔

آج ہمارے وطن کو نعروں کی نہیں، عمل کی ضرورت ہے۔ اسے ایماندار ڈاکٹر چاہئیں، محنتی انجینئر چاہئیں، مخلص استاد چاہئیں، اور سچے سپاہی چاہئیں۔ یہ سب کون بنے گا؟ ہم بنیں گے! آپ بنیں گے!

جنابِ صدر! آج اس اسٹیج سے میں اپنے تمام ساتھیوں کی طرف سے عہد کرتا ہوں کہ ہم جھوٹ، بے ایمانی اور وقت کے ضیاع سے بچیں گے۔ ہم علم کے ہتھیار سے اپنے وطن کی حفاظت کریں گے۔ اور ہم پاکستان کو دنیا کی عظیم ترین ریاست بنا کر دم لیں گے، تاکہ شہیدوں کی روحیں سکون پا سکیں!

خدا کرے مری ارضِ پاک پر اترے
وہ فصلِ گل جسے اندیشۂ زوال نہ ہو
(احمد ندیم قاسمی)

پاکستان زندہ باد! پاکستان پائندہ باد!

تقریر پیش کرنے کے 5 سنہری اصول

تقریر یاد کرنا کافی نہیں، پیش کرنے کا انداز ہی اصل کمال ہے۔ یہ پانچ باتیں یاد رکھیں:

1۔ تقریر رٹنے کے بجائے سمجھ کر یاد کریں، تاکہ ایک جملہ بھولنے پر پوری تقریر نہ رکے۔

2۔ آئینے کے سامنے یا گھر والوں کے سامنے کم از کم تین بار مشق کریں۔

3۔ نعرے اور اشعار بلند آواز میں، جوش کے ساتھ پڑھیں، یہی جگہ تالیاں بجتی ہے۔

4۔ سامعین کی آنکھوں میں دیکھ کر بات کریں، کاغذ میں گم نہ ہوں۔

5۔ آخری جملہ سب سے بلند اور واضح ہو، "پاکستان زندہ باد” پوری طاقت سے!

Scroll to Top